علی گڑھ ،06؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) بی جے پی کے علی گڑھ سے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم کی ایک ویڈیو سامنے آیا ہے، جس میں وہ ریلوے کے حکام کو تمام ٹرینوں کو روک کر اس ٹرین کو آگے لانے کی بات کہہ رہے ہیں، جس میں بی جے پی کے ریاستی صدر مہندر ناتھ پانڈے لکھنؤ سے علی گڑھ پہنچنے والے تھے۔ بتا دیں کہ اے ایم یو تنازعہ کے بعد مہندر ناتھ پانڈے علی گڑھ دورے پر جا رہے تھے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بی جے پی لیڈر ستیش گوتم ریلوے اسٹیشن پر کھڑے ہیں اور کسی کو حکم دے رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ساری گاڑیوں کو روک لو اور فوری طور پر ویشالی ایکسپریس کو آگے بڑھاؤ، 15 منٹ میں مجھے یہاں پر گاڑی چاہئے۔ بی جے پی لیڈر کے سر میں اقتدار کا سودا کچھ ایسا سمایا کہ وہ یہ بھی کہہ گئے کہ تمام ٹرینوں کو روک کر ویشالی ایکسپریس کو آگے بڑھاؤ، راجدھانی کو روک دو، ویشالی کو نکالو۔ راجدھانی تو بعدمیں بھی جا سکتی ہے۔